ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی جی آپ کب تک ہاتھرس واقعہ پر خاموش رہیں گے: چندرشیکھر آزاد

مودی جی آپ کب تک ہاتھرس واقعہ پر خاموش رہیں گے: چندرشیکھر آزاد

Fri, 02 Oct 2020 21:26:56    S.O. News Service

نئی دہلی،2؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش کے ہاتھرس میں 19 سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور قتل کے معاملے میں پورے ملک میں غم و غصے کی لہر ہے۔ اس معاملے میں سبھی اپوزیشن پارٹیوں نے یو پی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد نے اس معاملے میں پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ گاندھی جینتی کے موقع پر چندرشیکھر آزاد نے کہا ہے کہ "پی ایم جی کب تک آپ خاموش رہیں گے، ہم آ رہے ہیں انڈیا گیٹ، آپ سے جواب مانگنے۔"

چندر شیکھر آزاد نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ پی ایم مودی پر حملہ آور رخ اختیار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم کہتے ہیں دلتوں کو مت مارو، انتخاب سے پہلے وہ دلتوں کے پیر دھوتے ہیں اور نعرہ دیتے ہیں 'بیٹی پڑھاؤ، بیٹی بچاؤ'۔ جس یو پی سے منتخب ہو کر ایوان میں گئے، اسی یو پی کے ہاتھرس کی بیٹی کے ساتھ حیوانیت ہوتی ہے۔ اس کی ہڈی توڑی جاتی ہے، اس کی زبان کاٹ دی جاتی ہے۔ عصمت دری اور اس کا قتل ہوتا ہے، وہیں اس کی لاش کو کچرے کی طرح جلایا جاتا ہے۔ کب تک آپ خاموش رہیں گے وزیر اعظم جی؟"

بھیم آرمی سربراہ ویڈیو میں یہ بھی کہتے ہیں کہ "اتر پردیش میں انسانیت شرمسار ہوتی ہے، اس کی فیملی کو یرغمال بنا لیا جاتا ہے، انتظامیہ کے ذریعہ دھمکی دی جاتی ہے۔ اس پر پی ایم ایک لفظ نہیں بولتے ہیں۔ نہ ہی پی ایم کو اس متاثرہ کی فیملی کی چیخیں سنائی دیتی ہیں۔ کب تک آپ خاموش رہیں گے وزیر اعظم جی؟ آپ کو جواب دینا پڑے گا۔ آج شام 5 بجے ہم لوگ آ رہے ہیں انڈیا گیٹ۔ آپ سے جواب مانگنے۔ آپ کی خاموشی بیٹیوں کے لیے خطرہ ہے۔" وہ مزید کہتے ہیں کہ "آپ کو بولنا پڑے گا، آپ کو جواب دینا پڑے گا۔ آپ کو انصاف کرنا پڑے گا۔" اس درمیان انڈیا گیٹ کے آس پاس پولس انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے۔ کسی بھی طرح سے لوگوں کو وہاں اکٹھا ہونے کی اجازت نہیں ہے۔


Share: